اعلامیہ کی اجرائی ۔ بی سی (ای) کے تحت تحفظات حاصل
حیدرآباد۔یکم فروری (اعتمادنیوز)ہائی کورٹ آندھراپردیش نے سیول ججس کے عہدوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ اعلامیہ نمبر15/2014آر سی مورخہ یکم فروری کے مطابق اے پی اسٹیٹ جوڈیشل سرویس کے تحت سیول ججس کی97جائیدادوں پر تقررات کیلئے اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ 78جائیدادیں راست تقرارت کے ذریعہ اور 19جائیدادیں تقرارت بذریعہ تبادلہ ہوں گے۔ 40جائیدادیں عام زمرہ کے تحت ہوں گی جن میں14خواتین کے لئے محفوظ ہوں گی۔درج فہرست اقوام قبائل‘ پسماندہ طبقات بشمول بی سی (ای) مسلم تحفظات کے تحت جائیدادیں بھی قواعد کے مطابق محفوظ ہوں گی۔ راست تقررات کیلئے امیدوارکا کسی بھی یونیورسٹی سے قانون کا گریجویٹ ہونا ضروری ہے۔ راست تقررات کیلئے عمر کی حد یکم فروری 2014 کو 35 سال ہونی چاہئے۔ درج فہرست اقوام قبائل و پسماندہ طبقات ( بی سی ) امیدواروں کے لئے حد عمر میں مزید 5سال کی رعایت
ہوگی۔ جسمانی معذور امیدواروں کیلئے حد عمر میں رعایت10سال کی گئی ہے۔امیدوارں کے لئے ایک تحریری و زبانی امتحا ن ہوگا۔ اس امتحان میں کامیاب امیدواروں کو انٹرویوکیلئے طلب کیاجائے گا۔ درخواستیں ہائی کورٹ کے ویب سائٹ http://hc.ap.nic.inسے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ مکمل خانہ پوری کے ساتھ درخواستیں 300/-روپے کے ڈیمانڈ ڈرافٹ جو بحق رجسٹرار (ریکروٹمنٹ ) ہائی کورٹ آف اے پی ہوں منسلک کیاجائے۔ درج فہرست اقوام و قبائل کیلئے یہ فیس100/-روپے مقرر کی گئی ہے۔ حیدرآباد و سکندرآباد سے تعلق رکھنے والے امیدوار اوپن درخواستیں چیف جج سٹی سیول کورٹ حیدرآباد کے دفترپر داخل کریں۔ اضلاع کے امیدوارضلع کے متعلقہ پرنسپال ڈسٹرکٹ جج کے دفتر پر درخواستیں داخل کریں۔ بیرون ریاست امیدوارآندھراپردیش کے قریبی پرنسپال ڈسٹرکٹ کورٹ یا رجسٹرار (ریکروٹمنٹ) ہائی کورٹ آف آندھراپردیش حیدرآباد کے فتر پر درخواستیں دے سکتے ہیں۔ درخواست صول ہونے کی آخری تاریخ ہفتہ یکم مارچ 2014 کو5بجے شام مقرر کی گئی ہے۔